وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں بل گیٹس سے ملاقات

نیویارک : وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات میں پولیو کے خاتمے کے لیے طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور پولیو کے خاتمے کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام کے لیے وزیراعظم کی ذاتی رہنمائی کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے صحتِ عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے بل گیٹس کو زرعی شعبے میں حکومت کی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا، جن میں جدت، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*