
کراچی : نیوکراچی میں بھتہ نہ دینے پر صنعتکار کو فائرنگ کرکے کے زخمی کردیا گیا، تاجروں نے اپیل کی ہے کہ حکومت فائرنگ کے واقعے کا فوری نوٹس لے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی میں بھتہ خوروں نے سرِ عام فائرنگ کر کے معروف صنعتکار اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے ممبر فرزند علی کو شدید زخمی کر دیا۔
اس واقعے کے بعد صنعتی و تجارتی حلقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور تاجر برادری نے حکومت سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر نکاٹی فیصل معیز خان نے کہا کہ فرزند علی کو دو گولیاں لگی ہیں اور انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تاجروں اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔
پولیس اور صنعتی رہنماؤں نے اس حملے کو بھتہ خوری کا نتیجہ قرار دیا اور کہا چند ماہ قبل بھی فرزند علی کو بھتہ خوری کے حوالے سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔
فیصل معیز خان کا کہنا تھا کہ شہر میں صنعتکار طبقہ عدم تحفظ کا شکار ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ علاقے میں منشیات فروش اور بھتہ خور بلا خوف و خطر سرگرم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیو کراچی تھانے کی حدود میں یہ سنگین واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب گزشتہ 6 روز سے تھانے میں ایس ایچ او ہی تعینات نہیں ہے، انتظامی سطح پر اس خلا نے پولیس کی کارکردگی اور امن و امان کی صورتحال پر بڑے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
نارتھ کراچی انڈسٹریل ایسوسی ایشن اور دیگر تجارتی تنظیموں نے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے۔
