اکثر افراد فلموں کے کافی شوقین ہوتے ہیں اور ہر فلم کو دیکھنے کیلئے سنیما کا رخ کرتے ہیں ۔
آج ہم آپ کو ایک ایسے نوجوان کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جس نے ایک ہی فلم کو ایک دو بار نہیں بلکہ 292 بار سنیما میں دیکھ کر نیا گنیرز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے رامیرو الانس نامی نوجوان نے مارول سیریز کی حالیہ ریلیز ہونے والے فلم ‘اسپائیڈرمین، نو وے ہوم’ 292 بار سنیما میں دیکھ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام کے مطابق امریکی نوجوان نے اسپائیڈرمین، نو وے ہوم 16 دسمبر 2021 سے 15 مارچ 2022 کے درمیان 292 بار سنیما میں جاکر دیکھی جبکہ اس دوران ان کے 720 گھنٹوں کا وقت لگا۔
رپورٹس کے مطابق رامیرو مارول سیریز کی فلموں کے اتنی دیوانے ہیں کہ اس سے قبل 2019 میں انہوں نے ‘ایونجرز اینڈ گیمز’ 191 دیکھ کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا لیکن ان کا یہ ریکارڈ 2021 میں توڑ دیا گیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق رامیرو الانس نے تقریباً دن میں 5 بار اسپائیڈرمین، نو وے ہوم دیکھی جبکہ فلم کے ٹکٹوں پر خرچ کی گئی رقم کا صحیح اندازہ نہیں لگایا لیکن ایک خیال کے مطابق انہوں نے یہ ریکارڈ بنانے کیلئے تقریبا3،400 ڈالرز یعنی (6 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کیے۔
رپورٹس کے مطابق ریکارڈ کی تصدیق کرنے کیلئے فلم کی 292 ٹکٹیں ثبوت کے طور پر فراہم کی گئیں جبکہ سنیما کے حکام سے ایک بیان لیا گیا تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ رامیرو پوری فلم کو دیکھ رہا تھا۔