میٹرک امتحانات اور شدید لوڈشیڈنگ: گرمی سے طلبہ نڈھال، جوابی کاپیاں پسینے سے خراب ہونے لگیں

کراچی: میٹرک امتحانات کے دوران شدید لوڈشیڈنگ کے باعث طلبہ کو پرچے حل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کاپی خراب ہوجاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کا آغاز تو ہو گیا ہے، لیکن مضافاتی علاقوں کے امتحانی مراکز میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے امیدواروں کا امتحان مزید مشکل بنا دیا ہے۔

لانڈھی اور گردونواح کے اسکولوں میں بجلی نہ ہونے کے باعث طلبہ شدید گرمی اور حبس میں پرچے حل کرنے پر مجبور ہیں۔

ٹاؤن ایجوکیشن آفیسر اور اسکول انتظامیہ نے گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز سیکنڈری اسکول خلدآباد، لانڈھی کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ٹاؤن ایجوکیشن آفیسر کا کہنا تھا کہ سینٹر پر 1200 سے زائد امیدوار موجود ہیں، جبکہ اضافی 300 طلبہ کی آمد نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

اسکول پرنسپل نے کہا کہ امتحانی سینٹر پر صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 12 بجے تک (جو کہ عین پرچے کا وقت ہے) معمول کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

امتحان دینے والے طلبہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکایات کے انبار لگا دیے اور کہا پنکھے بند ہونے کی وجہ سے پسینہ اس قدر آتا ہے کہ جوابی کاپیاں گیلی ہو کر خراب ہو رہی ہیں۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق کے الیکٹرک حکام کو متعدد بار خطوط لکھے گئے اور آگاہ کیا گیا کہ امتحانی مراکز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، لیکن تاحال کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*