میر رضا کی موت قتل تھی یا خودکشی؟ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پبلک کردی گئی

کراچی : میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پبلک کردی گئی ، جس میں رضا کی موت کو قتل قرار دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میر رضا کیس کے حوالے سے قائم کردہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کر دیا گیا ہے، جس میں ہولناک انکشافات سامنے آئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میر رضا کی موت ہرگز خودکشی نہیں بلکہ ایک قتل تھا، اور اس سلسلے میں جے آئی ٹی بنانے سمیت سخت کارروائیوں کی سفارش کی گئی ہے۔

کمیشن کی رپورٹ میں اس بات کی سختی سے نفی کی گئی ہے کہ میر رضا نے خودکشی کی تھی، اور اس دعوے کے حوالے سے طبی و تکنیکی وجوہات پیش کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گولی کا راستہ، اس کا غیر معمولی مقام اور لاش ملنے والی جگہ پر خون کا بالکل نہ ہونا خودکشی کے نظریے کی مکمل نفی کرتا ہے جبکہ لاش پر تیزاب سے جلنے کے نشانات موجود تھے جبکہ خون میں بیہوشی کی دوا کی موجودگی بھی پائی گئی۔

حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی اصل وجہ پشت (پیٹھ) سے لگنے والی گولی کا زخم قرار دی گئی تاہم پولیس کی طرف سے یہ مفروضہ قائم کیا گیا تھا کہ میر رضا نے سامنے سے خود کو گولی مار کر خودکشی کی، جو کہ میڈیکو لیگل شواہد سے صریحاً متضاد ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ قرضوں یا کاروباری لین دین کی بنیاد پر خودکشی کا کوئی حتمی ثبوت موجود نہیں ہے۔

کمیشن کے مطابق پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں سنگین کوتاہیاں اور غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل سامنے آیا، ایم ایل او ڈاکٹر اسامہ اور ان کے ساتھیوں کے رویے نے پولیس کے خودکشی کے مؤقف کو تقویت دی۔

کمیشن نے قرار دیا کہ ڈاکٹر اسامہ کا رویہ انتہائی بچگانہ اور غیر پیشہ ورانہ تھا، اور ان کے اندازِ عمل سے ایسا محسوس ہوا کہ وہ کسی کے زیرِ اثر تھے۔

کمیشن نے سفارش کی ہے کہ ڈاکٹر اسامہ کو آئندہ دو سال کی سخت تعلیمی اور عملی تربیت کے بغیر کسی بھی عہدے پر تعینات نہ کیا جائے۔

جوڈیشل کمیشن نے اس اندوہناک معاملے کی تہہ تک پہنچنے اور ذمہ داروں کے کٹہرے میں لانے کے لیے درج ذیل اقدامات کی سفارش کی ہے۔

سندھ حکومت میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (JIT) تشکیل دے، جس میں آئی ایس آئی (ISI)، آئی بی (IB)، رینجرز اور این سی سی آئی اے (NCCIA) کے نمائندے شامل ہوں، اس جے آئی ٹی کی سربراہی قابل افسر ڈی آئی جی عرفان بلوچ کے سپرد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

پولیس افسران کی ممکنہ غفلت، کوتاہی اور شواہد میں ردوبدل کرنے کے معاملات کی تحقیقات کے لیے ایک علیحدہ کمیٹی بنانے اور قصوروار افسران کے خلاف فوجداری اور محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

خیال رہے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت نے اس پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

اس کمیٹی میں صوبائی وزراء ضیاء الحسن لنجار، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ شامل ہیں۔

میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آگئی، رپورٹ کے مطابق میر رضا کی موت خودکشی نہیں بلکہ قتل تھی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*