موسلادھار بارشیں اور سمندری طوفان کا خدشہ : وزیراعلیٰ سندھ کی تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں طوفانی بارشوں اور سائیکلون کے الرٹ کے پیش نظر تمام اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیشگوئی کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع  میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں، سائیکلون الرٹ پر محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کو ہدایات جاری  کردی گئی  ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے تمام محکموں بالخصوص انتظامیہ، بلدیاتی اداروں کو مزید متحرک رہنےکے احکامات جاری کیے ہیں اور ساتھ ہی  صوبےکے تمام اسپتالوں کو اپنےانتظامات بہترکرنےکی ہدایات بھی جاری کیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام اسپتالوں کی انتظامیہ اپنےاسٹاف کی حاضری یقینی بنائے۔

وزیراعلیٰ نے  محکمہ آبپاشی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ  دریا، نہروں اور دیگر پانی کی گزرگاہوں کے بندوں کی نگرانی کرتے رہیں۔

  ڈیپ ڈپریشن کا سمندری طوفان بننے کا امکان

واضح رہے کہ  محکمہ موسمیات نے رن آف کچھ اور ملحقہ علاقے پر موجود ڈیپ ڈپریشن کے  شمال مشرقی بحیرہ عرب میں آنے کے بعد سمندری طوفان بننے کا امکان ظاہر کیا  ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا بتانا ہے کہ  یہ سسٹم اپنی شدت برقرار رکھتے ہوئے دیر رات یا کل صبح تک شمال مشرقی بحیرہ عرب اور اس سے ملحقہ سندھ کی ساحلی پٹی کے قریب آسکتا ہے جہاں سازگار موسمی حالات ملنے کے باعث یہ مختصر دورانیے کے لیے سمندری طوفان بن سکتا ہے جس کا نام اسنیٰ رکھا جائے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید  بتایا کہ بننے والے سمندری طوفان کا نام پاکستان کا تجویز کردہ ہے، اسنیٰ کے معنی ‘بلند تر’ کے ہیں جب کہ مون سون میں سمندری طوفان کا بننا بہت غیرمعمولی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*