عدالتی حکم کے باوجود زمین واگزار نہ ہوسکی، پولیس اور مختیارکار کے عدم تعاون کی شکایت، ناظر عدالت نے رپورٹ جمع کرادی

کراچی (کرائم رپورٹر) ملیر کورٹ کی جانب سے اسکیم 33 میں آٹھ ایکڑ متنازعہ اراضی پر دوبارہ قبضے اور تعمیراتی سرگرمیاں شروع ہونے سے متعلق معاملے میں ناظر عدالت نے اپنی رپورٹ جمع کرادی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر زمین سے قبضہ ختم کرانے کے لیے تین مرتبہ کارروائی کی غرض سے جایا گیا، تاہم پولیس اور مختیارکار کی جانب سے مبینہ عدم تعاون کے باعث اراضی واگزار نہیں کرائی جاسکی۔
رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ نفری دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث عدالتی حکم پر عمل درآمد ممکن نہ ہوسکا۔ ناظر عدالت کی رپورٹ میں پولیس اور مختیارکار کے عدم تعاون کی نشاندہی کی گئی ہے۔
دوسری جانب درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود پولیس متنازعہ زمین سے قبضہ ختم کرانے میں ناکام رہی۔ درخواست گزار کے مطابق تقریباً ایک ماہ قبل پولیس نے مبینہ طور پر زمین پر قبضہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار بھی کیا تھا، تاہم اس کے باوجود قبضہ گروپ نے دوبارہ تعمیراتی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔
درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی مبینہ ملی بھگت اور عدم کارروائی کے باعث قبضہ گروپ کو دوبارہ تعمیرات شروع کرنے کا موقع ملا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متنازعہ اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کراکر عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
درخواست کے مطابق سیشن کورٹ ملیر نے تقریباً 10 روز قبل ضلعی انتظامیہ کو متنازعہ اراضی واگزار کرانے کے لیے ہدایات جاری کی تھیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اسسٹنٹ کمشنر گلزارِ ہجری اور مختیارکار کو بھی نوٹس جاری کیے گئے تھے۔
عدالتی کارروائی کے دوران ناظر کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد زمین واگزار کرانے کے لیے عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور متعلقہ اداروں کے کردار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ آٹھ ایکڑ اراضی پر دوبارہ قبضے اور تعمیراتی سرگرمیوں کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے



