ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور اور پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور نے استقبال کیا
عالمی شہرت یافتہ مبلغِ اسلام اور معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے، ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت کی خصوصی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے سربراہ رانا مشہود نے معزز مہمان کا استقبال کیا، اس کے علاوہ ڈاکٹر ذاکر کا استقبال کرنے والوں میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطاالرحمان اور پارلیمانی سیکرٹری مذہبی آمور شمشیر علی مزاری بھی شامل تھے۔
ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیرمقدم کیا، ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد روانہ کیا گیا۔
ڈاکٹرذاکرنائیک دورہ پاکستان میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے اور نمازجمعہ کی امامت کے فرائض بھی انجام دیں گے۔
پاکستان میں قیام کے دوران ذاکر نائیک کی اعلی حکومتی عہدے داروں سے ملاقاتیں اور عوامی تقریبات میں شرکت بھی شیڈول ہیں، ڈاکٹرذاکرنائیک 28 اکتوبرتک پاکستان میں قیام کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مشہور اسلامک اسکار ڈاکٹر ذاکر نائیک نے شیخ فارق نائیک کے ہمراہ پاکستان آنے کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔
مذہبی اسکالر کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ میں اعلان کیا گیا تھا کہ حکومت پاکستان کی دعوت پر ڈاکٹر ذاکر نائیک اور شیخ فارق نائیک پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔
آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں لوگوں سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے عالمی شہریت یافتہ مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک نے یوٹیوبر کے حالیہ پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ وہ اگر چاہتے تو بھارت سے نکل کر ملائیشیا جانے کے بجائے پاکستان میں بھی مستقل رہائش اختیار کرسکتے تھے مگر انہوں نے بعض وجوہات کی بنیاد پر ایسا نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 2019 میں جب اس بات کا یقین ہوگیا کہ اب بھارت جانے کا کوئی امکان نہیں تو انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا تاہم کورونا کی وبا کے باعث ایسا نہ کرسکے۔