
اسلام آباد: مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سرکاری دورے پر دفتر خارجہ پہنچ گئے ہیں، جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی امور پر بھی بات چیت کریں گے۔ اس دورے کا مقصد دونوں اسلامی ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی روابط کو مزید استحکام دینا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے سفارتی کوششوں کا مرکز بن گیا ہے، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے۔
پاکستان، ترکیے، مصر اور سعودی وزرائے خارجہ کی بڑی بیٹھک اسلام آباد میں ہوگی، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدرعبدالعاطی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے، شہزادہ فیصل بن فرحان، حاقان فیدان اور بدرعبدالعاطی علاقائی کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
