مشرق وسطیٰ تنازع پر ثالثی کے لیے آج اسلام آباد میں بڑی بیٹھک، وزرائے خارجہ کی دفتر خارجہ آمد

اسلام آباد (29 مارچ 2025): مشرق وسطیٰ تنازع پر ثالثی کے لیے آج اسلام آباد میں بڑی بیٹھک منعقد ہو رہی ہے، جس سے پاکستان اقوام عالم کی نگاہوں کا مرکز بن گیا ہے، اس بیٹھک میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیے، مصر کے وزرائے خارجہ قیام امن کے لیے سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کے نتیجے میں مصر، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ دفتر خارجہ آ چکے ہیں جن کا نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے استقبال کیا۔

اسحاق ڈار کی زیر صدارت خطے کی کشیدہ صورت حال پر اجلاس ہوگا، جس میں شہزادہ فیصل بن فرحان، حاقان فیدان اور بدر عبدالعاطی علاقائی کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار سے مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے بھی اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی گئی، اور تعاون جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

دریں اثنا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطری اور ایرانی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے، جس میں خطے کی صورت حال اور پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، اسحاق ڈار نے عباس عراقچی سے گفتگو میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ سے بھی بات چیت ہوئی، قطری قیادت کی جانب سے پاکستان کی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو سراہا گیا۔

قبل ازیں، ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے، اسحاق ڈار نے ایکس پوسٹ میں لکھا روزانہ دو پاکستانی بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت ہوگی، ایران کا یہ اقدام خوش آئند، تعمیری اور خطے میں امن کا پیش خیمہ ہے۔ اسحاق ڈار نے ٹوئٹ میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو بھی ٹیگ کیا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*