اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کو دس روز گزر گئے لیکن سابق حکمران جماعت کے ایک درجن کے قریب ارکان چیئرمین قائمہ کمیٹیوں کے عہدوں پر تاحال براجمان ہیں۔
پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے ساتھ ہی ان کی چیئرمین شپ بھی ختم ہوگئی مگر سہولیات تاحال ان چیئرمینز کے استعمال میں ہیں جو کہ غیرقانونی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے چیئرمین قائمہ کمیٹی کو 4 ملازمین اور گاڑی فراہم کی جاتی ہے، قومی اسمبلی کی ملکیت گاڑیاں تاحال پی ٹی آئی کے مستعفی چیئرمینوں کے استعمال میں ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گاڑیوں کی واپسی کے لیے جلد ان تمام سابق چیئرمینز و چیئر پرسنز سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مستعفی چیئرمین و چیئرپرسنز سے گاڑیاں اور دیگر ضروری سامان واپس لیا جائے گا، قومی اسمبلی کا اسٹاف ان کے استعفوں کے ساتھ ہی سیکرٹریٹ کو رپورٹ کرچکا ہے۔