حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی اداکارہ مریم نفیس نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے یتیم خانے میں اپنا ولیمہ کر کے مثال قائم کردی۔
مریم نفیس نے انسٹاگرام پر بچوں کے ہمراہ کھیلتے، کھانا تقسیم کرتے تصاویر شیئر کیں اور ساتھ لکھا کہ شادی کی تمام تر تقریبات میں سے سب سے بہترین تقریب ان بچوں کے ساتھ رہی ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ہماری شادی کی تقریبات کا سب سے خاص حصہ ولیمے کا تھا کیونکہ اس کا ہر لمحہ بہترین تھا۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’ان بچوں کے چہروں پر خوشی، ان کے ساتھ کھانا کھانا، ان کے ساتھ وقت گزارنا، ایسی معصوم گفتگو، میٹھی دعاؤں کے ساتھ ہی ہمارا ولیمہ بہترین رہا، ہمارا ولیمہ کرنے کا اس سے بہتر طریقہ شاید کوئی اور نہیں ہو سکتا تھا۔‘
مریم نفیس نے یہ بھی کہا کہ اب ہم مستقبل میں ان بچوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور انہیں غیر مشروط محبت سے بھرے گھر تلاش کرنے کے لیے بھرپور کام کریں گے انشاء اللہ!
اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔