کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کے اہلخانہ کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے میں طلب نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے لاپتا افراد کے اہلخانہ کو تھانے طلب کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے کہا کہ لاپتا افراد سے متعلق تحقیقات کے لیے تفتیشی افسر اہلخانہ کے پاس جایا کرے اور آئندہ کسی فیملی کو تھانے طلب نہ کیا جائے۔
جسٹس اقبال کلہوڑو کا کہنا تھا کہ جسے بھی تحقیقات یا پیشرفت سے آگاہ کرنا ہے وہ خودد اہلخانہ کے پاس جائے، بندہ لاپتا ہونے سے فیملیز پہلے سے پریشان ہوتی ہیں اوپر سے ان کو بار بار طلب کیا جاتا ہے۔
عدالت نے محکمہ داخلہ کو لاپتا افراد کے اہلخانہ کو تھانے میں طلب نہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا اور سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔