پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک نے اپنے بھائی اداکار فیروز خان کو بالی وڈ سپر اسٹارز سلمان خان اور بگ بی امیتابھ بچن سے تشبیہ دی ہے۔
اداکارہ حمائمہ ملک کا بھائی فیروز خان کے ہمراہ ایک ڈیجیٹل انٹرویو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے فیروز کی اداکاری اور فین فولوونگ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بالی وڈ اسٹار جیسا قرار دیا۔
حمائمہ کا کہناتھا کہ ’میں فیروز کو ہمیشہ سے سلمان خان کہتی ہوں کیوں کہ ان کی girl following بہت زیادہ ہے اور میرا ماننا ہے کہ فیروز کا کیرئیر کا گراف امیتابھ بچن جیسا طویل ہوگا ‘۔
انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ’اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ بچہ بہت دل لگا کر کام کرتا ہے، یوں کہیں فیروز اپنے ہر کردار میں جان لگا دیتے ہیں، یہی وہ وجہ ہے کہ جس کی وجہ سے ان کی اداکاری کی زندگی کبھی مختصر نہیں ہوگی، یہ ہمیشہ بڑھتی چلی جائے گی‘۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’فیروز خان کی فین فولوونگ کو دیکھ کر بھی مجھے ہر ہفتے مداحوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتے آنے والے امیتابھ بچن ہی یاد آجاتے ہیں‘۔
فیروز خان کا شوبز کیرئیر
اداکار فیروز خان معروف اداکارہ حمائمہ ملک اور دعا ملک کے بھائی ہیں، انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز میزبانی سے شروع کیا تھا، انہوں نے 2014 میں شوبز کی دنیا میں باقاعدہ قدم رکھا جس کے بعد متعدد ڈراموں میں کام کیا جب کہ اداکار نے 2016 میں فلمی دنیا میں انٹری دی تھی۔
فیروز خان کے جیو ٹی وی کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’خانی‘ میں بہترین اداکاری نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا اس کے بعد ڈرامہ سیریل خدا اور محبت کے سیزن 3 میں بھی فیروز خان کی اداکاری کو خاصی پذیرائی ملی۔
فیروز خان کی ازدواجی زندگی
فیروز خان 2018 میں علیزے سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کا ایک بیٹا بیٹی بھی ہے تاہم دونوں کے درمیان 2022 میں علیحدگی ہوگئی تھی جس کے بعد فیروز زینب نامی خاتون سے دوسری شادی کرچکے ہیں۔