فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں ریلیز کی تاریخ سامنے آ گئی

پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز کی تاریخ کا اعلان ہو گیا۔

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود آفیشل پیج پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔

ہندی زبان میں بنایا گیا فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئےکیپشن میں لکھا ہے کہ 2 سال بعد بھی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی پزیرائی کا سلسلہ تھما نہیں اور اب یہ فلم 2 اکتوبر کو بھارت کے سنیما گھروں میں ریلیز ہو گی۔

 پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا ہے کہ بھارت کے جن سینما گھروں میں یہ فلم ریلیز ہو گی، اُن کی فہرست جلد ہی جاری کر دی جائے گی۔

بھارتی فلمی شائقین یہ خوش خبری سننے کے بعد بہت پُر جوش ہیں اور انتہائی بے صبری سے فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت میں یہ فلم دسمبر 2022ء میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن انتہا پسند ہندو گروپس اور مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کی شدید مخالفت کی وجہ سے اس فلم کی ریلیز کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 13 اکتوبر 2022ء کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم نے باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*