بالی وڈ کی معروف جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی 14 اپریل کو ہونے والی شادی ملتوی کردی گئی۔
اداکار جوڑے کی شادی ملتوی ہونے کی تصدیق عالیہ بھٹ کے سوتیلے بھائی اور فٹنس ٹرینر راہول بھٹ نے کی ہے۔
بھارتی میڈیا ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق راہول بھٹ کا کہنا ہے کہ عالیہ اور رنبیر کی شادی 14 تاریخ کو نہیں ہورہی اور نہ ہی 13 اپریل کو کسی قسم کی کوئی تقریب رکھی گئی ہے۔
س سے قبل عالیہ بھٹ کے چچا روبن بھٹ نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ 13 اپریل کو عالیہ اور رنبیر کی مہندی کی رسم ہوگی۔
راہول بھٹ کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا کہ ‘شادی ملتوی کرنے کی وجہ تاریخ کا میڈیا میں لیک ہونا ہے، اسی وجہ سے اہلخانہ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر شادی کو آگے بڑھا دیا ہے’۔
عالیہ کے بھائی نے کہا کہ ‘یہ بات سب کے علم میں ہے کہ شادی ہورہی ہے لیکن جو تاریخیں میڈیا پر زیر گردش ہیں ان پر اب شادی نہیں ہوگی، میری بات اپنے پاس لکھ لیں، 14 اور 13 کو شادی کی کوئی تقریب نہیں ہے، ہمارے خاندان پر بہت دباؤ ہے لہٰذا شادی کی تاریخ نہیں بتاسکتے’۔
البتہ عالیہ کے والد معروف ہدایتکار مہیش بھٹ نے بیٹی کی شادی کے حوالے سے کسی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں کی جانب سے تاحال شادی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔