صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی آج رات ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں بند کرنے کی اپیل

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نےعوام سے آج رات ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں بند کرنے کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ارض (ارتھ آور) کے موقع پر قوم سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ آج رات ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری روشنیاں بند کر کے کرہ ارض سے محبت کا ثبوت دیں۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان شدید خطرات کا شکار ہے، جہاں حالیہ سیلاب، خشک سالی اور بڑھتا ہوا درجہ حرارت بڑے چیلنجز بن کر ابھرے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں، اگرچہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، لیکن ہم اس کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

صدر مملکت نے ‘گرین پاکستان پروگرام’ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صاف توانائی کی منتقلی اور جنگلات میں اضافے کے لیے پُرعزم ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایک گھنٹے کے لیے بجلی کا کم سے کم استعمال ایک علامتی عمل ہے جو ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کرے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت ‘ریچارج پاکستان’ جیسے منصوبوں کے ذریعے موسمیاتی مزاحمت پر مبنی ترقیاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے تاکہ ایک سرسبز اور محفوظ پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

واضح رہے کہ ارتھ آور کا مقصد عالمی سطح پر توانائی کی بچت اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے۔ صدر اور وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیرس معاہدے کے اہداف پر عملدرآمد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*