مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر اور عمران خان کے سابق معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دونوں حضرات مصافحہ کررہے ہیں۔
ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیر گردش ہے جس میں شہباز گل محمد زبیر سے طنزیہ سوال کرتے ہیں کہ کیا حال ہیں آپ کے، ٹھیک ہیں آپ، صحت ٹھیک ہے؟
جواب میں محمد زبیر مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ابھی تک تو ٹھیک ہے’ اور وہاں سے چلے جاتے ہیں۔
لیگی رہنما کے اس جواب کے بعد شہباز شہباز گِل قہقہہ لگاتے ہیں اور تالیاں بجانے لگتے ہیں۔
شہباز گِل محمد زبیر سے مصافحہ کرتے ہوئے ایسا ہنستے ہیں کہ آس پاس کھڑے لوگ بھی انہیں دیکھ کر ہنسنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ ردعمل دیکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد مسترد کر دی تھی ۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔