سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی جانب سے حکومت کے خلاف 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب آزادی لانگ مارچ کے اعلان پر متعدد شوبز شخصیات نے ان کی حمایت کرتے ہوئے مداحوں کو مارچ میں شامل ہونے کی اپیل کردی۔
متعدد شوبز شخصیات نے خود بھی لانگ مارچ کا حصہ بننے کا اعلان کیا اور مداحوں کو اپیل کی کہ وہ بھی حکومت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کا حصہ بنیں اور پاکستان کی خاطر گھروں سے نکلیں۔
اداکارہ مریم نفیس نے 24 مئی کو ہی اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ 25 مئی کو سری نگر ہائی وے پر ہونے والے لانگ مارچ کا حصہ بنیں گی اور ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو بھی اس میں شرکت کرنے کی اپیل کی تھی۔
مریم نفیس نے لوگوں سے یہ بھی کہا تھا کہ اگر وہ اسلام آباد کے مقامی رہائشی ہیں تو وہ گھر سے دوسرے لوگوں کے لیے ٹھنڈا پانی لانا نہ بھولیں۔
مریم نفیس نے 25 مئی کو اپنی ٹوئٹ میں مرد حضرات کو تاکید کی کہ وہ لانگ مارچ میں اپنی خواتین کے ہمراہ شرکت کریں، کیوں کہ خدشہ ہیں کہ انہیں حیوان ہراساں کر سکتے ہیں۔
سینیئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے واضح طور پر پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی حمایت کیے بغیر اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اپنے ہی لوگوں کے خلاف رکاوٹیں۔ اختلاف رائے ہے اسے دشمن کے ساتھ جنگ کا تاثر کیوں دے رہے ہیں۔ ہم سب پاکستانی ہیں ۔ نفرت کی سرنگیں بچھانے سے سب ہی لہو لہان ہونگے‘۔