شبِ قدر، قیامِ پاکستان اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا

کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ رامش عظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب، جسے عام طور پر شبِ قدر کے طور پر منایا جاتا ہے، انتہائی بابرکت اور عظمت والی رات ہے۔ قرآنِ مجید کے مطابق یہ رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے، اسی لیے مسلمان اس مقدس رات میں عبادات، توبہ و استغفار اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرتے ہیں۔

رامش عظیم نے کہا کہ ستائیسویں رمضان المبارک کو پاکستان کی تاریخ میں بھی ایک خاص مقام حاصل ہے کیونکہ اسی مبارک رات کی نسبت سے قیامِ پاکستان کی جدوجہد کی یاد تازہ ہوتی ہے۔ ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دے کر اس وطنِ عزیز کو حاصل کیا، لہٰذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کی سلامتی، بقا اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیشِ نظر قوم کو چاہیے کہ وہ شبِ قدر کی بابرکت گھڑیوں میں پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کرے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو ہر قسم کے بحرانوں، مشکلات اور سازشوں سے محفوظ رکھے اور پاکستان کو امن، انصاف اور ترقی کا گہوارہ بنائے۔

رامش عظیم نے اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی طرح وہ بھی اس بابرکت رات میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں کہ عمران خان کو جلد از جلد رہائی نصیب فرمائے، انہیں ہر قسم کی مشکلات سے نجات عطا کرے اور ان کی صحت کاملہ عطا فرمائے۔ خصوصاً ان کی آنکھ کی تکلیف کو دور فرمائے اور انہیں مکمل صحت و تندرستی کے ساتھ قوم کی رہنمائی کے لیے دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک کے لاکھوں کروڑوں عوام کی امیدیں انصاف اور قانون کی بالادستی سے وابستہ ہیں، اور قوم چاہتی ہے کہ عمران خان کو انصاف فراہم کیا جائے تاکہ وہ ایک بار پھر پاکستان کی ترقی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔

آخر میں رامش عظیم نے کہا کہ شبِ قدر ہمیں صبر، اتحاد، اخوت اور اللہ تعالیٰ پر مکمل یقین کا درس دیتی ہے۔ اس بابرکت رات میں ہمیں پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ ملک میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے بھی دعا کرنی چاہیے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*