سیاست کے چمپیئن آج کل سامنے آ رہے ہیں، آپ پوچھ لیں کہ انہوں نے کیا کیا ہے؟ سابق وفاقی وزیر
سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت کو نااہل اور نکما قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ 2 دن سے حکومت کابینہ اور پارلیمنٹ سے آئینی پیکج منظور کروانے کی تگ و دوڑ میں مصروف ہے جبکہ اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی آئینی ترمیم کے فیصلے سے نالاں ہے، اس سلسلے میں حکومتی اور اپوزیشن وفد نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقاتیں کی تاہم ابھی تک آئینی ترمیم کو پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جا سکا۔
آج کا سینیٹ سیشن بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا جبکہ آئینی ترمیم کے حوالے سے کوئی بھی ایجنڈا اجلاس میں زیر بحث نہیں آیا۔
آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اگر اس طرح رات کی تاریکی میں ذلت، زور اور ظلم سے قانون سازی ہوتی ہے تو ہمارے لیے اس طرح پارلیمنٹ میں بیٹھنے سے موت بہتر ہے، ہم اس کے خلاف مزاحمت کریں گے۔
اس تناظر میں سینیٹر فیصل واوڈا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دو دن کی ہلچل کے باوجود آئینی ترمیم نہ ہو نا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
صحافی کے آئینی ترمیم میں ناکامی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ نااہل اور نکموں سے یہی امید کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کے چمپیئن آج کل سامنے آ رہے ہیں، آپ پوچھ لیں کہ انہوں نے کیا کیا ہے؟
فیصل واوڈا کی یہ تنقید حکومت کی پالیسیوں اور کارکردگی پر اٹھنے والے سوالات کی عکاسی کرتی ہے، جس سے ملکی سیاسی منظر نامے میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔