
اسلام آباد : سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر مظاہرین کو روکنے کے لیے اسلام آباد مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں کے متوقع احتجاج اور دھرنوں کو روکنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت اور غیر معمولی انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
شہر کے مرکزی راستوں اور اہم چوراہوں پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ ڈی چوک کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے تمام اہم شاہراہوں پر عارضی رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔
ڈی چوک، سیرینا چوک، سری نگر ہائی وے، مارگلہ ایوینیو اور فیض آباد پر بڑی تعداد میں کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے جا رہے ہیں۔
روات کے مقام پر بھی ٹی چوک پر کنٹینرز کی بڑی کیپ فراہم کر دی گئی ہے تاکہ جنوبی پنجاب اور دیگر علاقوں سے آنے والے راستوں کو بلاک کیا جا سکے۔
خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں سے آنے والے قافلوں کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے ایک نیا لائحہ عمل اپناتے ہوئے مختلف راستوں پر خندقیں کھودنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جی ٹی روڈ، 26 نمبر چونگی، پیرودھائی، آئی جی پی روڈ، اسوال موڑ اور کٹی پہاڑی پر خندقیں کھودی جائیں گی تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔
