
ڈگری(5 اکتوبر 2026): سندھ کے شہر ڈگری کے نواحی گاؤں صوفن شاہ میں 6 سالہ معصوم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔
سندھ کے شہر ڈگری کے نواحی گاؤں صوفن شاہ میں 6 سالہ معصوم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے خلاف متاثرہ والدین نے انصاف کے حصول کے لیے پریس کلب ڈگری کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
گاؤں صوفن شاہ کے رہائشی والدین کرشن میگھواڑ اور ان کی اہلیہ مومل میگھواڑ نے پریس کلب میں میڈیا کے سامنے دہائی دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ چند ہفتے قبل پہلی جماعت میں پڑھنے والی ان کی 6 سالہ بیٹی ‘واشہ’ کو ملزم گوند میگھواڑ زبردستی گنے کی فصل میں لے گیا اور وہاں اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ بچی کے والدین کا شدید الزام ہے کہ ڈگری تھانے کی پولیس نے نامزد ملزم کو حراست میں لینے کے باوجود چھوڑ دیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے تاحال مقدمہ درج کرنے سے بھی گریز کیا جا رہا ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ کئی روز سے باضابطہ مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔
متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام کو پکارتے ہوئے ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی میرپورخاص سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزم کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کی معصوم بچی کو انصاف فراہم کیا جائے۔
