سندھ ہائی کورٹ نے ملک بھر کے سینما مالکان کو حکم دیا ہے کہ وہ قانون کے تحت مقامی فلموں کے لیے 85 فیصد اسکرینز مختص کریں اور ان کی زیادہ نمائش کی جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے فلم پروڈیوسرز عدنان صدیقی، اختر حسین، شازیہ اور رؤف وجاہت، ندا اور یاسر نواز کی درخواست پر 19 مئی کو مختصر حکم نامے میں کہا کہ سینما مالکان موشن پکچرز آرڈیننس 1979 کے تحت مقامی فلموں کو زیادہ ترجیح دینے کے پابند ہیں۔
عدالتی حکم کے مطابق قانون کے تحت سینما انتظامیہ مقامی فلموں کے لیے 85 فیصد جب کہ غیر ملکی فلموں کے لیے محض 15 فیصد اسکرینز مختص کرنے کی پابند ہے۔
مذکورہ مقدمے میں درخواست گزاروں نے وزارت اطلاعات و نشریات، سینٹرل بورڈ آف فلم سینسر، پنجاب فلم سینسر بورڈ، سندھ بورڈ آف فلم سینسرز، کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان، جے بی فلمز، نیو پلیکس سینماز، سائن پیکس سینماز، سائن گولڈ سینماز، ایچ کے سی انٹرٹینمینٹ اور کراچی ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر کو فریق بنایا تھا۔