
سندھ حکومت نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144کے نفاذ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے، جبکہ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کی سفارش بھی کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے آئی جی سندھ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے، جس کے تحت پابندیاں برقرار رہیں گی۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اگست دو ہزار چھبیس سے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ رہے گی۔وال چاکنگ،احتجاج،دھرنوں،ریلیوں اورمظاہروں پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز کو صرف ڈیوٹی کے دوران اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی جبکہ عوامی مقامات پر اسلحہ لہرانے پر پابندی برقرار رہے گی۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب چہلم امام حسینؑ کے موقع پر سندھ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش بھی کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی ہے۔مراسلے کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں اٹھارہ تا اکیس صفر جبکہ کراچی کے سینٹرل، ویسٹ، ایسٹ، ملیر اور ساؤتھ زونز میں انیس تا اکیس صفر ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔
ڈبل سواری پابندی کی سفارش کراچی،حیدرآباد،سکھر،لاڑکانہ،میرپورخاص اور بینظیر آباد ڈویژنز کے اضلاع کے لیے کی گئی ہے۔تمام ڈویژنل کمشنرز کو امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اپنے اپنے اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
