سری لنکا نے بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دے دی

سری لنکا نے اسیتھا فرنانڈو کی شان دار باؤلنگ کی مدد سے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میں باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے جیت لی۔

بنگلہ دیش کے شہر میرپور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 365 رنز بنائے تھے، جس میں تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم کی بہترین اننگز بھی شامل تھی۔

بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں صرف 24 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دی تھیں، جس کے بعد مشفق الرحیم اور لٹن داس نے 272 رنز کی طویل شراکت قائم کرتےہوئے اسکور 296 رنز تک پہنچایا۔

دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں، لٹن دان 141 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مشفق الرحیم نے آؤٹ ہوئے بغیر 175 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کے باؤلرز نے بنگلہ دیش کے دیگر بلے بازوں کو ناکام بنادیا، تاج الاسلام تیسرے بلے باز تھے جو دوہرا ہندسہ عبور کرکے 15 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

کوسن رجیتھا نے 5 اور اسیتھا فرنانڈو نے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں بلے بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت 506 رنز بناکر جیت کی امید پیدا کردی۔

پہلی اننگز میں اینجیلو میتھیوز نے سب سے زیادہ 145 رنز بنائے، دنیش چندی مل 124، دیمتھ کارونارتنے 80 اور اوشادا فرنانڈو 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شکیب الحسن نے 5 اور عبادت حسین نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اسیتھا فرنانڈو کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بنگلہ دیش کے بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوئے اور بڑی اننگز نہیں کھیل پائے۔

شکیب الحسن 58 اور لٹن داس 52 رنز کی اننگز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اسیتھا فرنانڈو نے 6 وکٹیں حاصل کرکے میزبان ٹیم کی بیٹنگ کی قلعی کھول دی اور 169 رنز کے مختصر اسکور تک محدود کردیا۔

سری لنکا نے 29 رنز کا ایک آسان ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرکے نہ صرف میچ جیتا بلکہ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

اوشادا فرنانڈو 21 اور دسمتھ کرونارتنے 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

شان دار باؤلنگ پر اسیتھا فرنانڈو کو میچ اور مسلسل سنچریاں بنانے والے تجربہ کار بلے باز میتھیوز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، سری لنکا کے اینجیلو میتھیوز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا جنہوں نے پہلی اننگز میں 199 رنز بنائے تھے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*