پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے عمران خان کے حوالے سے ماضی میں دیا گیا بیان دوبارہ شیئر کردیا۔
رمیز راجہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے سے قبل مئی 2019 میں اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ کے ویب شو میں شریک ہوئے تھے جہاں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میں آپ کو لکھ کر دے سکتا ہوں کہ اس وقت آپ جتنے بھی سیاسی تجزیے کر لیں، مہنگائی ہے، چیخیں نکل گئیں فلاں ہو گیا، وہ (عمران خان) کامیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اسے ہر حال میں جیتنا ہی ہے، یہ آپ کو ہزار میں سے ہزار دفعہ غلط ثابت کرے گا۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ مجھے خوف آتا ہے جو ان پر تنقید کرتے ہیں، ان کے مخالفین ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے کیونکہ عمران خان نیت کا صاف، سخت محنتی اور بلا کا ذہین ہے اور اگر کسی میں یہ تینوں اکٹھے ہوجائیں تو اسے روکنا ناممکن ہوجاتا ہے۔
اب ملک میں سیاسی گرما گرمی میں عمران خان کی حمایت میں کہے گئے الفاظ رمیز راجہ نے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیے اور ساتھ لکھا کہ ’میں یہ دوبارہ کہنے کی ہمت کرسکتا ہوں۔‘