بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے کہا ہے کہ راکھی ساونت بالی ووڈ کی واحد سچی انسان ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے شلپا شیٹی کی بہن شمیتا شیٹی کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی جہاں اُن کی ملاقات راج کندرا سے ہوئی۔
اس موقع پر راکھی ساونت نے راج کندرا کے ساتھ ایک ویڈیو ریکارڈ کی جوکہ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔
ویڈیو میں راج کندرا نے کہا کہ ’راکھی ساونت بالی ووڈ کی وہ واحد شخصیت ہیں جو سچی ہیں اور میں ان کی اسی شخصیت کی وجہ سے ان سے پیار کرتا ہوں۔‘
راج کندرا نے کہا کہ ’راکھی ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑی رہتی ہیں اور مجھے ان کی یہ بات بہت پسند ہے۔‘
اپنی تعریف سُن کر راکھی نے راج کندرا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’آپ ہمیشہ کے لیے میرے بھائی ہیں اور آپ ایسے ہی خوش رہو۔‘
واضح رہے کہ حال ہی میں راج کندرا نے اپنے فلیٹس اور ممبئی کے علاقے جوہو میں موجود مکان اپنی بیوی شلپا شیٹی کے نام منتقل کردیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راج کندرا جو کہ تاجر ہیں انہیں گزشتہ سال جولائی کے اوائل میں فحش فلمیں پروڈیوس کرنے اور ان کی اسٹیریمنگ پر ممبئی پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد عدالت نے انھیں ضمانت پر رہا کیا اور اس وقت بھی وہ ضمانت پر ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ساڑھے 38 کروڑ بھارتی روپے مالیت کی اپنی جائیدادیں اپنی اہلیہ شلپا شیٹی کے نام ٹرانسفر کردی ہیں۔