
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ دنیا کے جو حالات ہیں پیٹرول 1 ہزار روپے لیٹر بھی نہیں ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عالمی صورتحال کو دیکھیں، دنیا میں پٹرول کی قیمتیں کہاں جارہی ہیں، اگریہ پیسے ہم اپنی جیب میں ڈال رہےہوتے تو سوال کریں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جس طرح دنیا کے حالات نظر آ رہے ہیں، اگر یہ بحران برقرار رہا تو پیٹرول 1 ہزار روپے لیٹر بھی نہیں ملے گا۔ کل ہم نے جس طرح اپنے تیل بردار جہاز نکالے ہیں، یہ صرف ہم ہی جانتے ہیں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی بحرانی صورتحال پر شدید تکلیف اور تشویش میں ہیں، جبکہ علی پرویز ملک اور ان کی ٹیم کی پوری کوشش ہے کہ ملک میں پیٹرول کی سپلائی کسی صورت معطل نہ ہو۔
نئے صوبوں کی تشکیل پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اس معاملے پر جتنی تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے اس کا اندازہ کرنا مشکل ہے۔ اس بار یہ تحاریک کافی گرم ہیں اور انہیں قوی امید ہے کہ اللہ نے چاہا تو نئے صوبے ضرور بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تکنیکی طور پر عوام، تاجر، چیمبرز اور کسان ہر طبقہ اس مقصد کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت اس سلسلے میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
