جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، مذاکرات کا اگلا مرحلہ ممکنہ طور پر اسلام آباد میں ہوگا، ترجمان وائٹ ہاؤس

واشنگٹن:  وائٹ ہاؤس کی  ترجمان کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، مذاکرات کا اگلا مرحلہ ممکنہ طور پر اسلام آباد میں ہوگا۔

 ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت نتیجہ خیز اور جاری ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ  ایران، امریکا جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہیں،  مذاکرات کا اگلا مرحلہ ممکنہ طور پر اسلام آباد میں ہوگا، ایران سے مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث ہے۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ  امریکا کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست کی خبریں غلط ہیں۔

اس کے علاوہ ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی ناکا بندی مکمل طور پر نافذ کردی گئی ہے،  ناکا بندی ایرانی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے تمام ممالک کے جہازوں کے خلاف کی گئی ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ  چینی صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کو یقین دلایا کہ چین ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہا۔

واضح رہے کہ ایران امریکا مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں اگلے ہفتے کے اختتام پر ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کو ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے تیاریوں کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وفد کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کریں گے جبکہ  ایران کی جانب سے اسپیکرباقرقالیباف اور وزیرخارجہ عباس عراقچی وفد کی نمائندگی کریں گے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کیلئے ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا، دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے تک مذاکرات چلتے رہے تاہم مذاکرات کسی ڈیل پرپہنچے بغیر ہی ختم ہو گئے۔

اس حوالے سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی، ہم نے اپنی تجاویز ایران کے سامنے رکھ دی ہیں اور اب گیند ایران کے کورٹ میں ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*