بھارتی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری نے شادی کر لی: تصاویر وائرل

بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف، خوبرو اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اور اداکار سدھارتھ سورینارائن شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی بلاک بسٹر فلم ’پدماوت‘ اور ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کی اداکارہ ادیتی راؤ نے اچانک اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر شادی کی تصویریں شیئر کر کے مداحوں و فالوورز کو حیران کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ سورینارائن نے ’واناپارتھی‘ نامی 400 سال پرانے مندر میں شادی کی ہے۔

سادگی سے کی جانے والی اس شادی کی مرکزی تقریب میں جوڑے کے صرف اہلِ خانہ اور قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔

ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس جوڑے نے روایتی انداز سے ہٹ کر نہایت سادہ ملبوسات میں شادی کی ہے۔

ادیتی اور سدھارتھ نے سادگی اختیار کر کے بالی ووڈ میں نئی مثال قائم کی ہے کہ مالدار اور شہرت یافتہ شخصیات بھی بغیر نمود و نمائش کے شادی کر سکتی ہیں۔

اس جوڑے نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے دن، شادی پر سفید، سنہری اور کریم رنگ کے لباس زیب تن کر رکھے ہیں۔

دوسری جانب اگر دلہن کی تیاری پر ایک نظر دوڑائی جائے تو ادیتی راؤ نے نہایت مناسب اور کم زیورات کے ساتھ سادہ سی مہندی لگا رکھی ہے۔

سدھارتھ اور ادیتی راؤ حیدری نے اپنی شادی کی مشترکہ طور پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ایک دوسرے کے لیے رومانوی پیغام بھی لکھا ہے۔

 پوسٹ کے کیپشن میں نئے نویلے جوڑے کا اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ تم میرا سورج، میرا چاند اور میرے تمام ستارے ہو۔

واضح رہے کہ اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے رواں سال ہی منگنی کی تھی۔

اس سے قبل ادیتی راؤحیدری کی پہلی شادی اداکار ستیہ دیپ مشرا سے ہوئی تھی، اس شادی کو خفیہ رکھا گیا تھا جس کا اختتام طلاق پر ہوا تھا۔

دوسری جانب اگر بات کی جائے اداکار سدھارتھ کی تو انہوں نے سال 2003ء میں میگھنا نارائن سے پہلی شادی کی تھی، یہ شادی 2007ء میں ختم ہو گئی تھی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*