بنگلادیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر نے ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

ریٹائرمنٹ کے اعلان کے ساتھ ہی کرکٹر نے بنگلہ دیشی کرکٹ سے اہم خواہش کا اظہار کردیا

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کانپور میں پریس کانفرنس میں شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کے 2 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا۔

شکیب الحسن نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر آخری میچ کھیلنا چاہتا ہوں، اگر کرکٹ بورڈ بنگلا دیش میں الوداعی ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا تو بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میرے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا۔

بنگلہ دیشی آل راؤنڈر نے کہا کہ میں نے میرپور میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش کا اظہار بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے کیا ہے، اس حوالے سے بورڈ نے مجھ سے اتفاق کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ بورڈ ہر چیز کو ترتیب دینے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ میں بنگلا دیش جاسکوں، اگر ایسا نہیں ہوا تو کانپور میں بھارت کے خلاف میچ ٹیسٹ کرکٹ میں میرا آخری میچ ہو گا۔

یاد رہے کہ سابق وزیرِاعظم حسینہ واجد کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران بنگلا دیش میں شکیب الحسن کو قتل کے ایک مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اکتوبر میں بنگلادیش کا دورہ کرنا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اور دوسرا ٹیسٹ 29 اکتوبر سے شیڈول ہے۔

37 سالہ شکیب الحسن نے 70 ٹیسٹ میچز میں 4600 رنز بنائے ہیں اور 242 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*