اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرادی

لاہور: اپوزیشن نے پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد متحدہ اپوزیشن کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے جس میں وزیراعلیٰ کی کارکر دگی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر رانا مشہود، رمضان صدیق، ملک احمد اور میاں نصیر احمد کے دستخط موجود ہیں۔قرار داد کے متن میں کہا گیا ہےکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا، پنجاب کے معاملات آئین کے تابع نہیں چلائے جارہے، عثمان بزدار نے پنجاب میں جمہوری روایات کا قلع قمع کیا۔

(ن) لیگ کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہےکہ تحریک عدم اعتماد 126 ممبران کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے اور تحریک جمع ہونے کے بعد اب وزیراعلیٰ اسمبلی تحلیل نہیں کرسکیں گے۔

آئین کے تحت اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد اب اسپیکر 14 دن میں اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے پابند ہیں جب کہ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو اپنے نمبر پورے کرنے ہیں جب کہ حکومت کو بھی 182 نمبر پورے کرنا ہیں۔

واضح رہےکہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کرائی جو اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کی جاچکی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*