
کراچی : انٹرنیشنل ایوارڈ جیتنے والی فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کی نمائش پر پابندی کا معاملہ سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا، عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پاکستانی فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کی نمائش پر پابندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس پر عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو 21 اگست تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
فلم ساز کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سندھ بورڈ آف فلم سینسرز بلاجواز فلم کی نمائش کے لیے منظوری اور سرٹیفکیٹ جاری نہیں کر رہا، جس سے فلم سازوں کو شدید مالی و اخلاقی نقصان کا سامنا ہے۔
عدالت عالیہ نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد سندھ حکومت، فلم سنسر بورڈ اور دیگر متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔
