واشنگٹن: امریکا اور یورپ نے روس کا گھیرا تنگ کر دیا ہے، امریکا اور جی سیون ممالک نے روس کے خلاف پابندیوں پر مبنی مختلف نئے اعلانات کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے جی سیون ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ یوکرین کی صورت حال پر ویڈیو کانفرنس کی، جس میں جی سیون ممالک نے روسی تیل پر مرحلہ وار پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔
امریکا نے بھی روس پر مزید پابندیاں عائد کر دیں، 3 روسی ٹی وی اسٹیشنز کی نشریات بند کر دی گئی ہیں، روس کے مزید بینک اور اکاؤنٹنگ فرمیں بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آ گئیں۔
امریکا نے ڈھائی ہزار سے زائد روسی فوجی افسران پر ویزا پابندیاں بھی لگا دی ہیں، خصوصی جوہری مواد برآمد کرنے کا روسی لائسنس بھی معطل کر دیا جائے گا۔
جی سیون ممالک نے بھی روسی تیل پر مرحلہ وار پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، فرانسیسی صدر نے روس پر نئی پابندیاں بے مثال قرار دے کر کہا کہ ہم روسی تیل اور گیس پر انحصار ختم کر دیں گے۔
ماسکو پر مزید پابندیاں لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اطالوی وزیرِ اعظم ماریو ڈریگی نے کہا کہ جی سیون ممالک کو غذائی قلت کے شکار ممالک کی مدد کرنی چاہیے۔
برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کہا یوکرین کو مزید فوجی ساز و سامان کی ضرورت ہے، روس کے حملے خلاف دنیا یوکرین کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔