
اسلام آباد: افغانیوں کے منسوخ شدہ شناختی کارڈ بحال کرنے پر نادرا کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر گرفتار کرلیا گیا ، جس کے بعد کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف سامنے آیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسدادِ دہشت گردی ونگ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کے منسوخ شدہ قومی شناختی کارڈز بحال کرنے کی کوشش میں ملوث نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم آفتاب نے 51 افغان شہریوں کے منسوخ شدہ شناختی کارڈز کی غیر قانونی بحالی کے عوض 12 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم وصول کی تھی۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے ملزم آفتاب کی گرفتاری کے بعد اس کے گھر پر بھی چھاپا مارا، جہاں سے 19 لاکھ روپے کی نقدی برآمد کی گئی۔
تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم نے رشوت میں وصول کی گئی باقی رقم سے حویلیاں اور اسلام آباد کے سیکٹر G-15 میں قیمتی پلاٹ خریدے۔
پولیس اور ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ پلاٹوں کے تمام دستاویزات اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
