اسکول میں اردو بولنے پر بچے کے منہ پر ’کالک‘ مل دی

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے پرائیویٹ اسکول میں طالب علم کی توہین کا نوٹس لے لیاگیا، تین رکنی کمیٹی تحقیقات کرے گی

سوشل میڈیا پرطالب علم موسیٰ عاطف کے والد کی ویڈیو وائرل ہوئی جنہوں نے اسکول انتظامیہ کے رویے کے حوالے سے شکایت کی

اردو میں بات کرنے پر دیگر بچوں سے مذاق بنوایا گیا، منہ پر کالک لگائی گئی، بچے کا بیان، اسکول انتظامیہ نے خاموشی اختیار کرلی

کراچی:( اسٹا ف رپورٹر)شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ’جے‘ میں قائم نجی اسکول میں مبینہ طور پر اردو میں بات کرنے والے طالب علم موسیٰ عاطف کے منہ پر کالک لگادی۔سوشل میڈیا پر بچے کے والد کی ویڈیو وائرل ہوئی جنہوں نے اسکول انتظامیہ کے رویے کے حوالے سے شکایت کی جبکہ بچے کی بھی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ گال پر کالک کے ساتھ اپنے ساتھ اسکول میں پیش آئے واقعے کے حوالے سے بتا رہا تھا۔بچے کے والد نے الزام عائد کیا کہ اسکول میں میرے بیٹے کو اردو میں بات کرنے پر تضحیک کا نشانہ بنایاگیا اور موسیٰ کے چہرے پر کالک لگائی گئی اور وہاں موجود بچوں سے مزاق بنوایا گیا۔ بچے کے والد نے کہا کہ جب اسکول انتظامیہ سے بات کرنے کی کوشش کی توکوئی جواب نہیں دیا گیا۔والد کا مزید کہنا تھا کہ بیٹے کی عزتِ نفس مجروع ہوئی ہے لہٰذا اب اس اسکول میں مزید نہیں پڑھائیں گے۔دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز نے سوشل میڈیا پرچلنے والی ویڈیو کا نوٹس لے کر نجی اسکول سے جواب طلب کرلیا۔ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز کا کہنا ہےکہ واقعے کی تصدیق یا تردید اب تک نہیں ہوسکی تاہم تحقیقات کےلیے 3 رکنی کمیٹی بنائی ہے پیر کو اسکول کا دورہ کر کے مزید تحقیقات کی جائے گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*