
اسلام آباد : پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر موٹروے M-1، M-14 اور جی ٹی روڈ اٹک کے مقام پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے اسلام آباد کی جانب ممکنہ لانگ مارچ کے اعلان کے پیشِ نظر سیکیورٹی تدابیر کے تحت موٹروے M-1، M-14 اور جی ٹی روڈ کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس نے آج شام سے موٹروے M-1 اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
اس دوران اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ/ترنول انٹرچینج، سنگجانی/AWT انٹرچینج، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے انٹرچینج، غازی اور چھچھ انٹرچینج سے ٹریفک کا داخلہ اور خروج معطل رہے گا۔
علاوہ ازیں موٹروے M-14 بھی ہکلہ تا کنڈل دونوں اطراف سے ہر قسم کے وسائلِ نقل و حمل کے لیے بند رہے گی، جس کے تحت ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ، داؤد خیل، کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج مکمل طور پر سیکیورٹی کے تحت بند رہیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ جی ٹی روڈ (N-5) کو بھی اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے آج شام سے بند کر دیا جائے گا تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی تدابیر کو برقرار رکھا جا سکے۔
