اسلام آباد: اسلام آباد ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) کا طیارہ لاہور میں موسم کی خرابی یا کسی اور وجہ سے لینڈ کر گیا اور بے یار ومددگار چھوڑ دیا گیا اور مسافر بے حال ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں موسم کی خرابی یا دیگر وجوہات کے باعث پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 726 کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ ہوگئی اور اس کے بعد بے یارو مدد گار طیارے میں سوار مسافر بے حال ہوگئے۔
پی آئی اے کے طیارے کے مسافروں نے طیارے میں اپنی مدد آپ کے تحت پانی اور مشروبات کی تلاش شروع کر دی، خود کیٹرنگ کیبن کھول کر جوس اور پانی نکالتے رہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پرواز دن کے پونے دو بجے اسلام آباد لینڈ ہوئی کچھ وقت کے بعد مسافروں کو طیارے سے اتار کر لاونج میں منتقل کر دیا گیا تھا، کلیرنس ملنے پر طیارہ پونے 6 بجے لاہور روانہ ہوگیا، پی آئی اے کے طیارے پر 274 افراد سوار تھے۔
ترجمان پی آئی اے سے اس حوالے سے مؤقف کے لیے متعدد مرتبہ رابطہ کیا گیا لیکن جواب نہیں ملا۔