
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر عوامی سطح پر شدید بے چینی پائی جاتی ہے، اسی لیے حکومت نے کام نہ کرنے والی کمپنی کو ہٹا کر اب ایک نئی کمپنی لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ گلا پلازہ متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے مذکورہ کمپنی سے کام لینے کی بہت کوشش کی لیکن ناکامی پر اسے ہٹانا ناگزیر ہو گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کراچی کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور یونیورسٹی روڈ جیسے اہم منصوبے میں مزید کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ عوامی مفاد کے منصوبوں پر خبر نشر کرنے سے قبل حقائق کی تصدیق کر لی جائے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔
