
کراچی: گورنرسندھ نہال ہاشمی نے کاروباری شخصیات کو سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول، سہولیات اور مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی سے 18 رکنی کاروباری وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، وفد کی قیادت مرزا اشتیاق بیگ نے کی جس دوران معاشی و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان گورنر سندھ نے بتایا کہ ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ،کاروباری ماحول کی بہتری اور پائیدار معاشی استحکام پر تبادلہ کیا گیا جبکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور برآمدات پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے معاشی بحالی کے وژن کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے جبکہ نواز شریف نے ہمیشہ کاروباری طبقے کیلئے سازگار پالیسیاں متعارف کرائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، موجودہ حالات میں کفایت شعاری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں معیشت بحالی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار مواقع کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا، ساتھ ہی گورنر سندھ نے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول، سہولیات اور مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان کے مطابق وفد نے حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے نجی و سرکاری شعبے میں روابط کے فروغ پر زور دیا۔
اس کے علاوہ مرزا اشتیاق بیگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کے ساتھ ہراول دستہ بنی رہے گی۔
