کورنگی موت کی چورنگی


رپورٹ عارف اقبال


ضلع کورنگی* میں اسٹریٹ کرمنلز کی بے لگامی اس حد تک بڑھ گئی کہ ملزمان لوٹ مار کے دوران عام شہریوں کی جان لینے کے ساتھ اب پولیس کو بھی کسی کھاتے میں نا لاتے ہوئے ان پر بھی حملے شروع کردیئے گزشتہ روز کورنگی میں ڈاکوﺅں کی یلغار ناکے پر کھڑے پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا واقعہ کے مطابق زمان ٹاﺅن تھانے کی حدود کورنگی سیکٹر 51 بی میں پولیس اور ڈاکوﺅں کا ٹاکرا ہوگیا مشتبہ جان کر پولیس اہلکاروں نے ڈاکوﺅں کو روکنے کی کوشش کی نہ رکنے پر ناکے پر موجود ایک پولیس اہلکار ڈاکوﺅں کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے ان سے گتھم گتھا ہوگیا اس دوران ڈاکوﺅںنے فائرنگ کردی جس کے نتیجے ہیڈ کانسٹیبل منظور شدید زخمی ہوگیا منظور کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دوران سفر زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا ایس ایچ او زمان ٹاﺅن ہمایوں خان کے مطابق شہید اہلکار منظور کو ملزم کی گولی بازو پر لگی جو بازو کو چیرتے ہوئے سینے سے دل کے مقام پر لگی جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل کی شہادت ہوئی ایس ایچ او کے مطابق ڈاکوﺅں نے تین فائر کئے پولیس کو جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے تین خول ملے پولیس فرار ڈاکوﺅں کی گرفتاری کے لیئے ناکہ بندی کرکے تلاش شروع کردی ہے اس دوران کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود مہران ٹاﺅن لائسنس برانچ کے قریب ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں سے ڈاکوﺅں کا ٹاکرا ہوگیا اور ڈاکووں سے فائرنگ کے تبادلے میں مزید دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ تعاقب کے بعد پولیس نے دونوں ڈاکوﺅں کو ہلاک کردیا کورنگی مہران ٹاﺅن پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار نے زخمی ہونے کے باوجود ڈاکوﺅں کا تعاقب جاری رکھا ڈاکوﺅں نے پہلے کورنگی کاز وے روڈ پر پولیس پر فائرنگ کی پولیس کی جوابی فائرنگ سے مسلح ڈاکو بھاگ کر سامنے گلی میں آئے اور ایک پلاٹ میں چھپ گئے

جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہونے کے باوجود ڈاکوﺅں کو تلاش کرتا رہا پلاٹ میں ڈاکوﺅں کی موجودگی کا احساس ہونے پر زخمی پولیس اہلکار پلاٹ میں داخل ہوا اور دو بدو فائرنگ میں دونوں ڈاکوﺅں کو مار ڈالا ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا اورنگ زیب خان خٹک کے مطابق کورنگی کاز وے روڈ پر پولیس نے موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان فرار ہونے لگے جس پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 پولیس اہلکاروں نے مسلح ملزمان کا پیچھا کیا اس دوران ملزمان نے فائرنگ شروع کردی ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار خان رزاق ٹانگ میں اور کانسٹیبل ساجد پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جبکہ دوسرے موٹر سائیکل سوار اہلکار ملزمان کا تعاقب جاری رکھا اور جیسے ہی ملزمان مہران ٹاﺅن میں داخل ہوئے تو ایک اور پولیس پارٹی بھی موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ملزمان ایک پلاٹ میں چھپ گئے جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکووں کے قبضے سے دو پستول اور گولیاں ملی ہیں ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے دعویٰ کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے دونوں ڈاکو زمان ٹاﺅن تھانے کے شہید ہیڈ کانسٹیبل منظور کے قتل میں ملوث ہیں جبکہ مقابلے میں مارے جانے والے ایک ڈاکو کی شناخت امجد علی گوپانگ کے نام سے ہوئی پولیس کے مطابق ملزم کا آبائی تعلق لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو سے تھا ہلاک ملزم امجد علی گوپانگ کی کرمنل ریکارڈ کی چھان بین کے دوران خیر پور اور کراچی سے 4 مقدمات سامنے آئے ہیں ہلاک ملزم خیر پور پولیس اور کراچی کے عزیز بھٹی پولیس کے ہاتھوں پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے ملزم امجد گوپانگ مارچ 2022 کو عزیز بھٹی پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے بعد گرفتار ہوا تھا پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف پولیس مقابلہ لوٹ مار اور اسلحہ برآمدگی کے دو مقدمات عزیز بھٹی تھانے میں درج ہیں اور ملزم حال ہی میں ضمانت پر رہا ہونے کے بعد دوبارہ وارداتیں کرنے لگا تھا ہلاک ڈاکو امجد گوپانگ 2020 میں خیر پور تھانے کمب میں چوری اور اسلحہ برآمدگی کے الزام میں گرفتار ہوا تھا جبکہ مقابلے میں مارے جانے والے دوسرے ڈاکو کی شناخت نہیں ہوسکی پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان تسلسل کے ساتھ کورنگی کے علاقے میں لوٹ مار کیا کرتے تھے

اور ملزمان نے کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو بھی قتل کیا تھا قتل کے بعد زمان ٹاﺅن پولیس کے ساتھ مقابلے میں ملزمان کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل منظور شہید ہوا جس کے بعد کورنگی صنعتی ایریا میں پھر سے ملزمان کا سامنا پولیس سے ہوا جہاں ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جس میں ایک پولیس اہلکار ساجد زمان دوران علاج زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے شہید ہوگیا جبکہ مقابلے میں دو ڈاکو بھی مارے گئے زمان ٹاﺅن اور کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں علیحدہ علیحدہ پولیس مقابلوں کے دوران شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل منظور متعینہ تھانہ زمان ٹاﺅن اور کانسٹیبل ساجد زمان متعینہ تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی نماز جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن ساوتھ میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں پی پی کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن آئی جی سندھ غلام نبی میمن‘ڈی جی رینجرز سندھ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈی آئی جیز ایس ایس پیز و دیگر اعلیٰ افسران کے علاوہ شہداءکے لواحقین اور دیگر عزیز واقارب بڑی تعداد میں شریک ہوئے آئی جی سندھ نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جرائم کے خلاف شہداءکی جرا¿ت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا جس کے بعد اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت آئی جی سندھ ڈی جی رینجرز اور دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اجلاس میں آئندہ 15 میں اسٹریٹ کرائمز کے خلاف سخت آپریشن کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے اداروں کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز بھی تیز کرنے ، پیٹرولنگ اور داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بڑھانے اور اہم مقامات جہاں اسٹریٹ کرمنلز زیادہ متحرک ہیں وہاں پولیس و رینجرز تعینات کرنے کی ہدایت کی ضلع کورنگی میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے اینٹی اسٹریٹ کرائمز فورس کو متحرک کردیا گیا ہے جس میں اینٹی اسٹریٹ کرائمز فورس کے انچارج انسپکٹر سعادت احمد بٹ 80 جوانوں کے ساتھ 24 گھنٹے متحرک رہیں گے ضلع کورنگی میں کرمنلز کی سرکوبی کے لیئے مختلف مقامات پر چیکنگ پوائنٹس بھی بنادیئے گئے ہیں اس موقع پر اینٹی اسٹریٹ کرائمز فورس کے انچارج انسپکٹر سعادت احمد بٹ کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ کورنگی میں اسٹریٹ کرائمز کا خاتمہ کرنے کی پوری کوشش کرونگا اور جان کی بازی لگا کر بھی کرمنلز کے خلاف جنگ جاری رکھوںگا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*