
اسلام آباد (30 اپریل 2026): بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسی میں پاکستان نے بھارت اور اسرائیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے کرپٹو کرنسی بلال بن ثاقب نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان کرپٹو میں ان ممالک سے بہت آگے ہے، کرپٹو مارکیٹ میں پاکستان نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے، اب ہمیں روبوٹکس اور آرٹیفشل انٹیلی جنس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
بلال بن ثاقب نے کہا کہ اے آئی اور بلاک چین ٹیکنالوجی اگلی نسل کی جنگ اور جدید ترین ٹولز ہیں، اے آئی ایجنٹس لاکھوں ڈالرز کی ادائیگیاں کر رہے ہیں ڈیجیٹل اکانومی ٹریلین تک پہنچ گئی، ہمیں اپنے بچوں اور یوتھ کو جدید ٹیکنالوجی کیلیے تیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فرسٹ اپروچ کے تحت ڈیجیٹل انقلاب کیلیے کام کر رہے ہیں، اے آئی اور بلاک چین کو ایٹمی پروگرام جیسی اہمیت دینے کی ضرورت ہے، جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے ہم اپنے ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرح پاکستان میں بھی سنگل پرسن کمپنیاں اربوں ڈالر کما سکتی ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ہی عالمی سطح پر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
