
کراچی میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر نے آج مزید 8 افراد کی جان لے لی ہے، جن میں 4 نشے کے عادی افراد بھی شامل ہیں. ریسکیو ذرائع کے مطابق، ناساز حالت میں اسپتال لائے گئے 4 افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے جبکہ 2 افراد کی موت کی تصدیق ہیٹ اسٹروک سے ہوئی ہے. شہر کے مختلف علاقوں سے لاشیں ملنے کا سلسلہ بھی جاری رہا، جن میں کلفٹن بوٹ بیسن، لیاقت آباد 10 نمبر، سپر ہائی وے جمالی پل، ڈیفنس فیز 8 خیابانِ ثاقب اور بلدیہ اسپارکو روڈ شامل ہیں. جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ در محمد اور 55 سالہ عبدالودود کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ منگھوپیر اور گلشنِ حدید سے بھی نشے کے عادی افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں. واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران کراچی میں گرمی کی شدت کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد اب 14 ہو گئی ہے.
