کراچی کے علاقے پاک کالونی بڑا بورڈ کے قریب گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے معروف بزنس مین محمد لاکھانی اور ان کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے پاک کالونی میں بڑا بورڈ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ سے بزنس مین محمد لاکھانی اور انکا ڈرائیور زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بزنس مین محمدلاکھانی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تاہم وہ انکے ڈرائیور دونوں کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
علاقہ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ کسی اور مقام پر پیش آیا ہے۔ گاڑی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معروف بلڈر محمد لاکھانی کی گاڑی پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ عبدالرشید چناکے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے سائٹ ایریا میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ عبدالرشید چنانے بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ بھی طلب کی ہے