کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے نتیجے میں 2 زخمی ملزمان سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، جبکہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق گلشنِ اقبال بلاک 4 میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان نور محمد اور رحیم الدین کے قبضے سے 2 پستول اور موٹر سائیکل ملی ہے۔
دوسری جانب گلشنِ معمار میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم بلال عرف بلی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کے قبضے سے اسلحہ، چھینی گئی نقدی، پرس اور موٹر سائیکل ملی ہے، ملزم اس سے قبل گلستانِ جوہر تھانے میں بھی گرفتار ہو چکا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق منگھوپیر میں واٹر ہائیڈرنٹ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ہے۔
ادھر لانڈھی کی داؤد چورنگی کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے 18 سالہ اسماعیل ولد سکندر زخمی ہو گیا۔