کراچی واٹر سپلائی، 171 ارب کا کےفور منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیا گیا

سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے کراچی کو پانی سپلائی کرنے کا کےفور منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیا۔

وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوا جس میں مجموعی طور پر 7 ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔

وزارت منصوبہ بندی اعلامیہ کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی نے 12.437 ارب روپے کے 4 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی اور 240.537 ارب روپے کے 3 منصوبے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔

وزارت پلاننگ اعلامیہ کے مطابق 2.55 ارب روپے لاگت سے آزاد جموں و کشمیر ویمن یونیورسٹی باغ منصوبہ منظور کیا گیا جب کہ 1.04 ارب روپےلاگت سے یونیورسٹی آف ملتان میں تعلیمی سہولتوں کا منصوبہ منظور کیا گیا، 4.55 ارب  کی لاگت سے حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔

اجلاس میں 171.814 ارب لاگت کا گریٹر کراچی کےفور واٹر سپلائی منصوبہ ایکنک کوبھجوا دیاگیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کےفور منصوبے سے کراچی کو 260 ایم جی ڈی اضافی پانی کی فراہمی ممکن ہو گی، منصوبہ کراچی کے شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ سندھ حکومت بجلی اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک سے متعلق جامع رپورٹ جلد پیش کرے، ٹیکس دہندگان کے ہر روپے کا شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنایا جائے۔

اعلامیہ کے مطابق 4.283 ارب روپے لاگت سےخان بہادر ویٹنری اینڈ اینیمل سائنسز منصوبہ منظور کیا گیا اور 37.131 ارب روپے لاگت کا پاکستان اسپیس سینٹر منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

سی ڈی ڈبلیوپی نے حیدرآباد انسٹیٹیوٹ منصوبے میں بسیں 2 سے بڑھا کر 6 کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*