
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کرنے پر توجہ ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے نئی حب کینال کا افتتاح کروایا، سندھ حکومت نے شہر پر خصوصی توجہ دی ہوئی ہے، واٹر ٹریٹنمنٹ پلانٹس لگائے جارہے ہیں یہ فعال ہوں گے تو انڈسٹری کو پانی دے سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کراچی کی جانب بار بار توجہ مبذول کروائی ہے، امید ہے وہ کراچی کے لیے شہباز اسپیڈ کا وعدہ پورا کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ قدرتی آفت پر ہم کبھی سیاست نہیں کرتے لیکن مخالفین کرتے ہیں، پاکستان قدرتی آفت کا شکار ہے یہ وقت سیاست کا نہیں لوگوں کی مدد کا ہے، تاریخی سیلاب کے اثرات عوام بھگت رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب سے جنوبی پنجاب کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے، مسندھ کے بھی کچے کے علاقوں میں لوگ سیلاب سے متاثر ہوں گے، متاثرین کی مدد کے لیے عالمی سطح پر اب تک اپیل نہیں ہوئی، زرعی ایمرجنسی، بجلی بل معاف کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، بی آئی ایس پی متاثرین کو امداد دینے کا شفاف ترین پروگرام ہے۔
انہوں نے پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدہ تعریف کے لائق ہے۔
