
کراچی (رپورٹ) کمشنر کراچی کی ہدایت پر 22 اپریل 2026 کو شہر بھر میں زائد کرایہ وصول کرنے والی بسوں، منی بسوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 229 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 25 گاڑیاں ضبط کرلی گئیں۔کارروائی کے دوران شہریوں سے زائد وصول کی گئی رقم کی مد میں 26 ہزار 500 روپے واپس کروائے گئے جبکہ مجموعی طور پر 13 لاکھ 75 ہزار روپے کے چالان بھی کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق ضلع ساؤتھ میں سب سے زیادہ کارروائی دیکھنے میں آئی جہاں 41 گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران 12 غیر قانونی رکشے، 2 بسیں اور 5 ویگنیں ضبط کی گئیں اور مسافروں کو 3100 روپے واپس کروائے گئے۔ اسی طرح کورنگی میں 35 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کے دوران 4 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔ضلع ایسٹ میں 41 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی تاہم کوئی گاڑی ضبط نہیں کی گئی، البتہ مسافروں کو 3500 روپے واپس کروائے گئے اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ ویسٹ اور کیماڑی میں بھی چیکنگ کے دوران کوئی گاڑی ضبط نہیں ہوئی لیکن چالان اور رقم کی واپسی کا عمل جاری رہا۔ضلع سینٹرل میں 39 گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک گاڑی ضبط کی گئی اور سب سے زیادہ 7300 روپے مسافروں کو واپس کیے گئے، جبکہ ملیر میں 31 گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک گاڑی ضبط کی گئی اور 6 لاکھ 50 ہزار روپے کے سب سے زیادہ چالان کیے گئے۔حکام کے مطابق یہ مہم شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور ٹرانسپورٹرز کو مقررہ کرایہ نامے پر عملدرآمد کا پابند بنانے کے لیے جاری رکھی جائے گی۔


