
شہر قائد میں ریبیز کا ایک اور کیس سامنے آگیا، لیاری کے رہائشی 75 سالہ نعمت گل میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوگئیں۔
ڈپٹی انچارج ای آر جناح اسپتال ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق جناح اسپتال میں داخل مریض کو تین ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، متاثرہ فرد میں پانی دیکھ کر خوف، بے چینی، سانس میں تکلیف اور گلے میں کھچاؤ کی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔
ڈاکٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ متاثرہ مریض نے سگ گزیدگی کے واقعے کے بعد ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی تھی۔
رواں سال جناح اور انڈس اسپتال میں 2، 2 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، چار میں سے دو کیسز کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ ایک اندرونِ سندھ اور ایک بلوچستان سے لایا گیا تھا۔
